اسلام آباد : دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کےآنےسےتعلقات پرکوئی اثرنہیں پڑےگا، ہم پاک امریکا تعلقات پھل دار اور بہتربنانے کے خواہاں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صدر اور وزیراعظم نے نو منتخب امریکی صدر ٹرمپ کو مبارکباد پیش کی، ہم پاک امریکا تعلقات کو پھل دار اور بہتر بنانےکے خواہشمند ہیں۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے آنے سے پاک امریکا تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، پاکستان اور امریکا دیرینہ دوست اور شراکت دار ہیں ، دونوں ملکوں کے تعلقات اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر مبنی ہیں۔
مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پربھارتی قبضے کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف جانا پہچانا ہے، ہم مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے موقف پر قائم ہیں، بھارت کو سمجھنا چاہیے بہیمانہ حربوں سے کشمیریوں کے جذبات نہیں کچل سکتا۔
پاک چین تعلقات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اورچین کےدرمیان آہنی تعلقات ہیں، ہمارا تعاون خارجہ پالیسی کے تمام شعبوں میں جاری ہے، تمام ممالک کا پر امن مشرق وسطی کے لیے کام کرنا ضروری ہے.
دفترخارجہ کی ترجمان نے کہا کہ پاک چین سیکیورٹی معاملات سمیت تمام شعبوں میں رابطے ہیں، گذشتہ روز وزیراعظم اور آج وزیر داخلہ نےچینی سفارتخانے کادورہ کیا، چینی باشندوں پر حملےکی تحقیقات جاری ہیں، تحقیقات مکمل ہونے پر وزارت داخلہ اس پر بات کرے گی، چینی پاکستانی یا کوئی بھی شہری ہو معاوضہ انسانی زندگی کا نعم البدل نہیں ہوتا۔
انھوں نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے پنجگور سے 30 کلومیٹر اندر اسمگلرز کیخلاف آپریشن کیا، سیکیورٹی فورسز کے پاک ایران سرحد پر مشترکہ آپریشن کی خبر غلط ہے، یہ سوشل میڈیا کی خبریں ہیں جو دہشت گردوں نے پھیلائی۔