بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے نکلنے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیئے

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے علیحدگی اور فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ایجنسی (انروا) کی آئندہ فنڈنگ پر پابندی کا ایگزیکٹو آرڈر جاری کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے نکلنے کے ایگزیکٹو آرڈر پردستخط کردیئے۔

اس کے علاوہ انہوں نے فلسطینی امدادی ایجنسی انروا کیلئے فنڈنگ روکنے کی دستاویز اور
ایران کو جوہری ہتھیاروں سے روکنے کے میمو پر بھی دستخط کردیئے ہیں ان کا کہنا ہے کہ ایران نیوکلیئر ہتھیار بنانے کے انتہائی قریب ہے۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یو ایس ایڈ کے فنڈز کو بائیں بازوں کے افراد نے بہت بےدردی سے استعمال کیا، اسے  بند کریں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ غزہ اب خطرناک جگہ ہے، وہ رہنے کے قابل نہیں رہی، فلسطینیوں کے پاس غزہ چھوڑنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے لیکن یہ دیکھنا ہوگا مصر اور اردن فلسطینیوں کو جگہ دیں گے یا نہیں؟ ضروری نہیں کہ غزہ میں اسرائیلیوں کی آبادکاری کی حمایت کروں۔

ان کا کہنا تھا کہ غیرقانونی تارکین وطن کو ملک سے باہر نکالوں گا، جرائم میں ملوث ان غیر قانونی تارکین وطن نے کئی شہریوں کی جانیں لی ہیں، مجرموں کو امریکا میں کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

امریکی صدر نے کہا کہ چینی صدر سے مناسب وقت پر بات کریں گے اور اس کیلئے کوئی جلدی نہیں، چین اگر جوابی طور پر ٹیرف عائد کرتا ہے تو بھی ٹھیک ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے امریکی محکمہ تعلیم کو بند کردوں، ٹھیک ہوگا اگر امریکی مجرموں کو کسی دوسرے ملک کی جیلوں میں قید کیا جائے، کئی ملک اپنے غیرقانونی تارکین وطن کو واپس لینے پر رضامند ہیں۔

یاد رہے کہ امریکہ کی جانب سے انروا کی فنڈنگ 2024 میں جو بائیڈن انتظامیہ کے تحت معطل کر دی گئی تھی، جب اسرائیل نے انروا کے چند ملازمین پر 7 اکتوبر 2023 کے حماس حملوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں