گوادر: بلوچستان کے ضلع گوادر کے ساحلی شہر پسنی میں سونامی الرٹ سائرن سسٹم نصب کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے پسنی، گوادر میں سونامی الرٹ سائرن سسٹم نصب کیا گیا ہے، محکمے کا کہنا ہے کہ سونامی آنے سے 12 سے 15 منٹ قبل یہ سائرن بجے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سائرن سسٹم ڈیڑھ کلو میٹر کی حدود تک لوگوں کو سونامی سے خبردار کرے گا۔
پسنی میں جاپان کے تعاون سے 4 ہزار اسکوائر فٹ پر سونامی شیلٹر ہوم بھی تعمیر کیا جائے گا، سونامی شیلٹر ہوم کا ایک حصہ خواتین اور دوسرا مردوں کے لیے مختص ہوگا۔
واضح رہے کہ رواں ماہ ملک کے مختلف ساحلی مقامات پر سونامی کی اطلاع فراہم کرنے والا سائرن سسٹم نصب کیا گیا ہے، اس جدید سسٹم پہ ساڑھے 3 کروڑ روپے لاگت آئی ہے، کراچی میں ریڑھی گوٹھ اور کیماڑی میں سائرن سسٹم نصب کیے گئے، جب کہ بلوچستان میں پسنی، اورماڑہ اور گوادر میں 3 سونامی سائرن سسٹم نصب کیے گئے ہیں۔