پیسیفک آئی لینڈز کے ملک ٹونگا میں زیر سمندر آتش فشاں پھٹ گیا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سمیت امریکا کے مغربی ساحلی علاقوں میں سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آتش فشاں پھٹنے کے باعث ٹونگا آئی لینڈز کے قریب سمندر میں 1.2 میٹر اونچی لہر ریکارڈ کی گئی جس کے بعد ساحلی علاقے زیر آب آگئے۔
آسٹریلیا کے تمام مشہور ساحل بند کرا دیے گئے جب کہ امریکی ریاست کیلیفورنیا سمیت کئی شہروں میں ساحلوں پر جانے پر پابندیاں عائد ہیں، شہریوں کو محفوظ مقام پرمنتقل کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آتش فشاں پھٹنے کے اثرات جاپان تک رپورٹ ہوئے، جنوبی جزیرے امامی کے ساحل پر چار فِٹ اونچی لہریں ریکارڈ کی گئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے شدید بارشوں، سیلاب اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی بھی کردی، آتش فشاں سے راکھ اگلنے کا سلسلہ جاری ہے۔