جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

فضل اللہ کی موت کی تصدیق، طالبان نے نیا سربراہ منتخب کرلیا

اشتہار

حیرت انگیز

کابل: تحریک طالبان پاکستان نے پہلی بار اپنے سربراہ مولوی فضل اللہ کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے ٹی ٹی پی کے نئے سربراہ کی تقرری کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹی ٹی پی نے گزشتہ ہفتے امریکی ڈرون حملے میں فضل اللہ کی ہلاکت تصدیق کردی ہے، دہشت گرد تنظیم نے کہا ہے کہ طالبان کا نیا سربراہ بھی چن لیا گیا ہے۔

امریکی افواج نے 14 جون کو پاکستانی سرحد کے قریب افغانستان کے مشرقی صوبے کنڑ میں فضائی حملے میں فضل اللہ کو ہدف بنایا تھا۔

خیال رہے کہ امریکی حکام نے حملے کی کام یابی کے متعلق کوئی تصدیق نہیں کی تھی بلکہ افغان صدر اشرف غنی نے پاکستان کے آرمی چیف کو فون پر فضل اللہ کی ہلاکت کی تصدیق کر دی تھی۔

کہا جاتا ہے کہ طالبان کے سربراہ فضل اللہ نے 2012 میں ملالہ یوسف زئی کے قتل کا حکم دیا تھا، تاہم ملالہ اس قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہوگئی تھیں۔

فضل اللہ ہلاکت: اشرف غنی کا آرمی چیف سے رابطہ، واقعے کی تصدیق


ایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو جاری کیے گئے بیان میں تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان محمد خراسانی نے تصدیق کی ہے کہ فضل اللہ امریکی حملے میں مارا گیا ہے۔

ٹی ٹی پی کے ترجمان نے کہا ہے کہ تنظیم کے شوریٰ کونسل نے مفتی نور ولی محسود کو فضل اللہ کی جگہ نیا سربراہ منتخب کرلیا ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں