لاہور: محکمہ انسداد دہشتگرد (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے ضلع لیہ میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق لیہ میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشتگرد کو گرفتار کر لیا گیا جس کی شناخت عبدالقیوم کے نام سے ہوئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگرد لیہ میں حساس عمارت کو نشانہ بنانا چاہتا تھا، اس کے قبضے سے بارودی مواد اور خودکش جیکٹ بنانے کا سامان برآمد کرلیا گیا۔
دہشتگرد کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔
حال ہی میں ملک کے مختلف حصوں میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ دوسری جانب حساس ادارے اس کے خلاف کامیاب کارروائیاں بھی کر رہے ہیں۔
4 فروری کو سی ٹی ڈی نے پنجاب کے 4 اضلاع میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران 9 دہشتگردوں کو گرفتار کیا۔ گوجرانوالہ، ڈی جی خان، بہاولپور اور لاہور سے گرفتار دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا گیا۔
دہشتگردوں سے خودکش جیکٹ بنانے کا سامان اور بھاری اسلحہ برآمد ہوا تھا۔ شرپسند حساس اضلاع میں دہشتگردی کا منصوبہ بنا رہے تھے۔