انقرہ : ترک عام انتخابات کےغیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق اے کے پارٹی نے پارلیمان میں دوبارہ اکثریت حاصل کرلی ہے، اے کے پارٹی اب اکیلے حکومت سازی کرسکتی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اتوار کو ہونے والے عام انتخابات میں اب تک نوے فیصد سے زائد ووٹ گنے جا چکے ہیں، اب تک گنے گئے ووٹوں کے مطابق اے کے پارٹی نے تقریباً پچاس فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں، جس کے بعد اے کے پارٹی کو یقین ہے کہ وہ اکیلے ہی حکومت سازی کرسکے گی، ابتدائی نتائج کے اعلان کے بعد ملک بھر میں اے کے پارٹی کے حامی سڑکوں پر نکل آئےاور جشن منانا شروع کردیا ہے۔
اب تک کے نتائج کے مطابق اے کے پی پارلیمان میں 325 نشستیں حاصل کر سکے گی. جون کے انتخابات میں اے کے پی کے حصے میں پارلیمان کی 276 سیٹیں آئی تھیں۔
وزیراعظم احمت داغلو کا کہنا ہے کہ آج کی جیت جمہوریت کی جیت ہے، ترکی کی عوام کی جیت ہے، صدر رجب طیب اردوان کی جماعت دوہزاردوسے اقتدار میں ہے۔
رواں سال جون میں ہونے والے انتخابات میں اے کے پارٹی سادہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی تھی، جون کے انتخابات کے بعد حکمران جماعت اور حزب اختلاف حکومت سازی میں ناکام ہوگئے تھے، جس کے بعد نئے انتخابات کا انعقاد کیا گیا۔