لاہور: ترک صدر رجب طیب اردگان 2 روزہ دورہ مکمل کر کے ترکی روانہ ہوگئے۔ ائیرپورٹ پر وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام نے ترک صدر کو الوداع کیا۔
تفصیلات کے مطابق کل پاکستان پہنچنے والے ترک صدر دو روزہ کامیاب دورے کے بعد وطن روانہ ہوئے، وطن روانگی سے قبل وہ لاہو پہنچے جہاں اُن کا شاندار استقبال کیا گیا اور اُن کے اعزاز میں پرتکلف عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا۔
اسلام آباد سے ترک صدر مختصر دورے پر لاہور ائیرپورٹ پہنچے جہاں اُن کا وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے استقبال کیا۔ اس موقع پر مہمان صدر کے استقبال کے لیے ائیرپورٹ سے لے کر حضوری باغ تک سڑکوں کو سبز اور لال برقی قمقوں سے سجایا گیا تھا۔
حضوری باغ پہنچنے پر رجب طیب اردگان کے اعزاز میں شاندار عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں خصوصی کھانے تیار کیے گئے تھے۔ تقریب میں موسیقی کی تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں پاکستانی فنکارہ حدیقہ کیانی نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔
ائیرپورٹ سے بادامی باغ تک سیکیورٹی سے سخت انتظامات کیے گئے تھے، پولیس کی نفری سے ساتھ حفاظت پر ہیلی کاپٹر بھی پروٹوکول میں شامل تھا۔ مہمان صدر کی اہلیہ پاکستان دورے پر بہت خوش نظر آئیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے دیے گئے عشایے میں وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی بعد ازاں رجب طیب ارگان اپنی اہلیہ کے ہمراہ وطن روانہ ہوگئے۔