اسلام آباد: ترک ریل کمپنیوں کے وفود نے وزارت ریلوے کا دورہ کیا اور وزیر ریلوے شیخ رشید سے ملاقات کی، اس موقع پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلویز پاک ترک تعلقات سے استفادہ کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق ترکی کی سرکاری ریل کمپنیوں تلماس اور ریمیساس کے وفود نے وزارت ریلوے کا دورہ کیا۔ ریل کمپنیوں نے پاکستان ریلویز میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ ترک کمپنیوں نے پاکستانی ریل آپریشنز میں شراکت داری پر بھی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی زیر صدارت اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر ریلوے نے ترک وفود کو ریلوے میں جاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔
ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ ترکی کی سرکاری کمپنیوں کا دورہ 5روزہ ہے، کمپنیاں پاکستان ریلویز کے مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیں گی۔
ترک کمپنیوں نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو دورہ ترکی کی دعوت بھی دی۔ ترک وفد نے وفاقی وزیر ریلوے کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ ترکی آ کر ریلوے نظام کا معائنہ کریں۔
اس موقع پر وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی برادر اسلامی ممالک ہیں، پاک ترک تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں، پاکستان ریلویز پاک ترک تعلقات سے استفادہ کرے گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ترک ریلوے کے لیے پاکستان ریلویز کے منصوبے اوپن ہیں، ترک ریلوے کمپنیاں آئیں اور مل کر کام کریں۔ ترک تجربے سے رسالپور لوکو موٹیو اور ریلوے کیرج فیکٹریز کو بہتر کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ریلوے کے ذریعے پورے خطے کو جوڑا جا سکتا ہے، خطے کو جوڑنے سے معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ پاکستان عالمی پارٹنر شپس سے ریلوے نیٹ ورک کو ترقی دے رہا ہے۔