انقرہ: ترکی نے کابل ایئرپورٹ کو آپریٹ کرنے کے حوالے سے اہم شرط پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے قبل طالبان کو ایک جامع حکومت تشکیل دینی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر امریکی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا افغانستان میں تمام عناصر کو شامل نہیں کیا گیا ہے، جب تک ایسا رہے گا ترکی کابل ہوائی اڈے کو آپریٹ نہیں کرے گا۔
ترک صدر کا کہنا تھا کہ اگر افغانستان حکومت زیادہ کشادہ اور جامع ہوئی تو ترکی اس وقت اپنا مؤقف بدل سکتا ہے۔ انٹرویو میں اردوان نے امید ظاہر کی کہ خواتین افغانستان میں عام زندگی کے ہر گوشے میں فعال طریقے سے شریک ہوں گی۔
بیرونی دباؤ مسترد، رجب طیب اردوان کا فیصلے پر قائم رہنے کا اعلان
دوسری طرف افغانستان میں طالبان حکومت نے بین الاقوامی فضائی کمپنیوں سے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی اپیل کی ہے، طالبان نے ان کمپنیوں کے ساتھ مکمل تعاون کا وعدہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ کابل ایئر پورٹ پر تمام مسائل حل ہو چکے ہیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقاہر بلخی نے کہا کہ بین الاقوامی پروازوں کی معطلی سے بہت سے افغان بیرون ملک پھنس کر رہ گئے ہیں اور لوگوں کو کام یا تعلیم کے لیے بیرون ملک سفر پر روانہ ہونے میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔