اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی اور ترک ہم منصب میولوت چاوش کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، اس دوران پاکستان نے ترکی کے مشرقی علاقے میں زلزلے سے جانی ومالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیرخارجہ نے صدر، وزیراعظم اور قوم کی جانب سے زلزلے پر اظہار تعزیت کیا۔ دریں اثنا پاکستان کی جانب سے ریلیف اور ریسکیوآپریشن میں معاونت کی پیشکش بھی کی گئی۔
شاہ محمود کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ترک بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں، ترک بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہیں۔ ترک ہم منصب کو فیلڈاسپتال اور ریسکیو ٹیمیں بھجوانے کی بھی پیشکش کی گئی۔
ترک وزیرخارجہ نے اظہار تعزیت اور مدد کی پیشکش پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ میولوت چاوش کا کہنا تھا کہ ضرورت ہوئی تو برادر ملک پاکستان کو ضرور مطلع کریں گے۔
ترکی میں ہولناک زلزلہ، ملبے میں دبی خاتون سے ٹیلی فونک رابطہ
قبل ازیں ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے سیکٹر انچارجز میں موٹرسائیکل تقسیم کی تقریب ہوئی جس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ملتان شہر کے صفائی اور سیوریج کے دو بڑے ایشو ہیں، ماضی کی حکومتوں نے دونوں شعبوں میں سرمایہ کاری نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ صفائی کے نظام میں بہتری حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے، بہترین ٹیم ورک سےشہر میں صفائی کی صورتحال میں واضح تبدیلی آئی ہے، صفائی میں بہتری پرڈپٹی کمشنر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، کمپنی کے ایم ڈی ناصر شہزاد ڈوگر بہت محنت کر رہے ہیں، بہتر کاکردگی پر کمپنی کی ہر جگہ تعریف کی جاتی ہے، حوصلہ افزائی سے کارکنوں میں محنت کرنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔