ترکیہ نے اسرائیل کیخلاف نسل کشی مقدمے میں شامل ہونے کی درخواست دیدی۔
ترک میڈیا کے مطابق ترکیہ کی جانب سے اسرائیل کے خلاف فلسطینیوں کی نسل کشی مقدمے میں عالمی عدالت انصاف میں درخواست جمع کرائی گئی ہے۔
ترکیہ نے اسرائیل کیخلاف جنوبی افریقہ کے مقدمے میں شامل ہونےکی درخواست دی۔ ہالینڈ میں ترکیہ کے سفیر نے ہیگ میں عالمی عدالت انصاف میں درخواست جمع کرائی۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیل کو فلسطینیوں کی نسل کشی کرنے پر عالمی عدالت سے سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ترک وزیرخارجہ نے کہا کہ ترکیہ اسرائیل کیخلاف جنوبی افریقہ کےنسل کشی مقدمے میں شامل ہو گا اسرائیل کی جانب سے اسماعیل ہنیہ کا قتل مجرمانہ فعل ہے خطہ اسرائیل کی اشتعال انگیزیوں کو مزید برداشت نہیں کر سکتا۔
واضح رہے کہ عالمی عدالت انصاف کے صدر نواف سلام نے رفح میں انسانی صورتحال کو تباہ کن قرار دیتے ہوئے اسرائیل کو رفح پر حملہ نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
عالمی عدالت نے جنوبی افریقا کی جانب سے اسرائیل کو رفح پر حملہ سے روکنے کے لیے دائر درخواست پر فیصلہ سنایا۔
29 دسمبر 2023 کو جنوبی افریقا نے عالمی عدالت انصاف میں درخواست دی تھی جس میں غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کی نسل کشی کا الزام لگایا گیا تھا پھر جنوبی افریقا کی جانب سے نئی درخواست بھی دائرکی گئی تھی جس میں اسرائیل کے رفح آپریشن کو رکوانے کا مطالبہ کیا گیا۔