انقرہ: ترک حکومت نے شہریت قانون میں ترامیم کرنے کے بعد 9 ہزار سے زائد غیر ملکی سرمایہ کاروں کو شہریت دے دی۔
ترک میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت نے قانون میں ترمیم کر کے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پیش کش کی تھی کہ وہ سرمایہ کاری کرکے ترکی کی شہریت حاصل کرسکتے ہیں۔
آبادی و شہریت امور کے جنرل ڈائریکٹوریٹ نے بتایا کہ ’شہریت قانون میں ترمیم کے بعد سے دو سالوں میں اب تک 9 ہزار 11 غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ترکی کی شہریت دی گئی‘۔
انہوں نے بتایا کہ قانون کے مطابق جن سرمایہ کاروں کو ترکی کی شہریت دی گئی وہ ملک میں 3.2 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری لائے جس سے انہوںنے کاروبار کیا یا پھر اثاثے خریدے۔
مزید پڑھیں: بغیر ویزہ ترکی جانا ممکن، معاہدہ طے
سرکاری حکام کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں کو شہریت دینے کے حوالے سے اسکیم 2018 میں متعارف کرائی گئی، جس کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 2019 میں بڑے پیمانے پر درخواستیں جمع کرائیں۔
سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی درخواستوں اور خواہش کے بعد حکومت نے فکسڈ کیپیٹل کی شرط کو نرم کیا اور اسے دس لاکھ ڈالرز سے پانچ لاکھ کرتے ہوئے مزید آسانی فراہم کی۔
رپورٹ کے مطابق وہ غیر ملکی سرمایہ کار جو ترکی میں کم از کم ڈھائی لاکھ روپے کی جائیداد کے مالک ہیں انہیں بھی اآئندہ شہریت دی جائے گی۔