استنبول : مسجد کی تیاری کا جائزہ لینے ترک صدر رجب طیب اردوان نے ” آیا صوفیہ’ کا دورہ کیا، آیا صوفیہ مسجد میں24 جولائی بروز جمعہ سے باقاعدہ پانچ وقت کی نماز ادا کی جائے گی اور ترک صدر بھی نمازِ جمعہ آیا صوفیہ میں ادا کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق تاریخی اہمیت کے حامل آیا صوفیہ کو مسجد میں تبدیل کرنے کے بعد ترک رجب طیب اردوان آیا صوفیہ پہنچ گئے اور مسجد کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔
اس دوران حکام نےترک صدر کو بریفنگ بھی دی جبکی انھوں نے آیا صوفیہ میں تصاویر بھی بنوائیں۔
آیا صوفیہ مسجد میں چوبیس جولائی بروز جمعہ سے باقاعدہ پانچ وقت کی نماز ادا کی جائے گی اور ترک صدر بھی نمازِ جمعہ آیا صوفیہ میں ادا کریں گے۔
خیال رہے کہ ترک عدالت نے استنبول کے تاریخی ورثے آیا صوفیہ کی میوزیم حیثیت ختم کرتے ہوئے مسجد میں تبدیل کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔
اس تاریخی عمارت کو 1934 میں ترک سیکولر ریاست کی بنیاد رکھنے والے حکمران کمال اتاترک نے اپنے دورے اقتدار کی ایک دہائی کے بعد میوزیم بنا دیا تھا۔
عدالتی فیصلے کے بعد ترک صدر رجب طیب اردوان نے آیا صوفیا کو میوزیم سے مسجد میں تبدیل کرنے کے صدارتی حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں جس کے بعد آیا صوفیا کی میوزیم کی حیثیت ختم ہوگئی ہے اور اس کا کنٹرول ترکی کے محکمہ مذہبی امور نے سنبھال لیا تھا۔
بعد ازاں خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ اب آیاصوفیہ ایک میوزیم نہیں کہلائےگا، آیاصوفیہ کومیوزیم میں تبدیل کرناایک بہت بڑی غلطی تھی مگر اب وقت آگیا ہے کہ آیاصوفیہ کی حیثیت کوتبدیل کر کےمسجدبنا دیا جائے۔