مقبوضہ دریائے اردن کے مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجی کی فائرنگ سے شہید ہونے والی ترک ایکٹیوسٹ ‘عائشہ نور ایزگی ایگی’ کی لاش کل ترکیہ پہنچ جائے گی۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ترک وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی نے 6 ستمبر کو دریائے اردن کے مغربی کنارے میں عائشہ نور ایزگی کو جان بوجھ کر قتل کیا، لاش کی منتقلی کے لئے تمام مراحل مکمل کرلئے گئے ہیں۔
ترک وزارت خارجہ کے مطابق مقتولہ کی لاش کل ترکیہ پہنچ جائے گی، ہم، نسل کشی کے مجرم نیتن یاہو حکومت کی طرف سے کئے گئے اس قتل کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، جبکہ اس جرم کی قرار واقعی سزا کے لئے ہم ہر ممکن کوشش کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم اپنی شہری کے لئے اللہ سے رحمت و مغفرت کے طلبگار ہیں اور اس کے عزیزوں سے اظہارِ تعزیت کرتے ہیں۔
ترک ایکٹیوسٹ کی لاش کو ترکیہ پہنچانے کے لئے ترکیہ کے تل ابیب سفارت خانے نے تمام تر کارروائیاں مکمل کرلی ہیں۔
ترک ایکٹیوسٹ کی لاش آج رات 11 بج کر 45 منٹ پر آذربائیجان کے دارالحکومت باکو جائے گی اور کل صبح 8 بج کر 35 منٹ پر ٹرکش ایئر لائنز کے طیارے میں استنبول پہنچائی جائے گی۔
غزہ کے اسکولوں پر اسرائیلی حملے ہولناک ہیں، ملالہ یوسفزئی
سفارتی ذرائع سے موصول معلومات کے مطابق شہید کی تدفین ضلع آئیدن کی تحصیل دیدم میں کی جائے گی۔