معروف تُرک شیف براق اوزدامیرز نے ترکیہ میں زلزلے کے بعد احوال پر روتے ہوئے کہا کہ میں اپنا دکھ بیان نہیں کر سکتا، اللہ رحم کرے۔
تفصیلات کے مطابق معروف تُرک شیف براق اوزدامیر نے فیس بُک پر ویڈیو پوسٹ کی ، جس میں وہ ترکیہ اور شامل میں زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں کا احوال بتاتے ہوئے رو پڑے۔
معروف تُرک شیف نے کہا کہ میں اپنا دکھ بیان نہیں کر سکتا،اس قدرتی آفت کی وجہ سے میرے دکھ کی کوئی حد نہیں رہی۔
براق اوزدامیر کا کہنا تھا کہ اللہ ان پر رحم کرے جو اس سے متاثر ہوئے، ہم جو کرنے کے اہل ہوئے، وہ کریں گے، لوگ آگے بڑھ کر متاثرین کی مدد کریں۔
دوسری جانب ایک اور مشہور ترک شیف سالٹ بائی نے بھی زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان بھیج دیا۔
سالٹ بائی نے اپنے انسٹاگرام اکاونٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں زلزلے سے متاثر ہونے والوں کے لئے کھانے پینے کے سامان کی فراہمی کے لئے امدادی سامان کے ٹرکز کو روانہ کیا جارہا تھا۔
اس ویڈیو کے ساتھ سالٹ بائی نے کیپشن میں لکھا کہ یہ ہمارا غم بہت بڑا ہے۔
واضح رہے کہ 6 فروری کو ترکیہ اور شام میں آنے والے بدترین زلزلے سے اب تک ساڑھے 12 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔
زلزلے کے بعد سلسلہ وار آفٹر شاکس نے ہزاروں عمارتوں کو ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا، جس کے تلے دب جانے والوں کو نکالنے کا عمل جاری ہے۔