تازہ ترین

کس ملک کا دعویٰ ہے کہ وہاں کرونا کا کوئی مریض نہیں؟

عشق آباد: کرونا کی عالمگیر وبا کو پھیلے تقریباً 2 برس ہونے کو آئے ہیں، مگر دنیا میں ایک ایسا ملک بھی ہے جہاں تاحال وائرس کا کوئی ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

امریکی نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق وسطی ایشیا کے ملک ترکمانستان میں حکومت یہ دعویٰ کرتی ہے کہ وہاں کے شہری کووِڈ 19 کی وبا کے اثرات سے بچے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ سابق سوویت ریاست ترکمانستان کی آبادی صرف 60 لاکھ ہے، اور یہ دنیا کے کم سے کم اُن 5 ممالک میں شامل ہے جہاں حکام کی جانب سے تاحال کوئی ایک بھی کرونا کیس رپورٹ نہیں کیا گیا۔

امریکا کی جان ہاپکنز یونیورسٹی اور عالمی ادارۂ صحت کے ڈیٹا کے جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ ترکمانستان کے علاوہ بحرِ اوقیانوس میں واقع تین جزائز اور شمالی کوریا جہاں سخت گیر سرکاری نظام ہے، ایسے علاقے ہیں جہاں سے کرونا کی وبا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں کیا گیا۔

تاہم ترکمانستان سے باہر رہنے والی آزاد تنظیموں، صحافیوں اور کارکنوں نے کہا ہے کہ ایسے شواہد موجود ہیں کہ اس ملک میں اس وقت وبا کی تیسری لہر جاری ہے اور اسپتال مریضوں سے بھرے پڑے ہیں جہاں درجنوں افراد کی اموات ہو چکی ہیں۔

دوسری طرف ترکمانستان میں سخت تسلط رکھنے والے صدر قربان قلی بردی محمدوف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں اپنے ملک میں وبا کی رپورٹس کو ’جعلی‘ قرار دیا اور کہا کہ وبا کے خلاف اقدامات کو ’سیاست زدہ‘ نہ کیا جائے۔ خیال رہے کہ قربان قلی بردی محمدوف ترکمانستان پر سنہ 2006 سے حکومت کر رہے ہیں۔

Comments

- Advertisement -