واشنگٹن: کرونا وائرس اور اس کی ویکسی نیشن کے خلاف گمراہ کن اور غلط خبریں پھیلانے پر امریکی مصنفہ نومی وولف کا ٹویٹر اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا جس پر سنجیدہ طبقات نے خوشی کا اظہار کیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹویٹر نے کووڈ ویکسین کے خلاف غلط خبریں پھیلانے پر امریکی مصنفہ نومی وولف کا ٹویٹر اکاؤنٹ معطل کر دیا ہے۔
ڈاکٹر نومی وولف نے کووڈ وائرس کی تیسری لہر کے دوران دی بیوٹی متھ نامی کتاب سے شہرت حاصل کی، انہوں نے کووڈ ویکسین سے متعلق بڑی تعداد میں بے بنیاد اور سازشی نظریات کو بھی خوب ترویج دی ہے۔
ان کے ایک ٹویٹ میں کہا گیا تھا کہ ویکسین ایک سوفٹ ویئر پلیٹ فارم ہے جو اپ لوڈ کے نوٹی فیکیشن موصول کر سکتا ہے۔ انہوں نے اپنے 1 لاکھ اور 40 ہزار سے زائد فالورز کے سامنے امریکا کے کووڈ پر ایڈوائرز ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کا موازنہ شیطان سے کیا۔
اپنے ایک تازہ ترین ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ جنہوں نے ویکسین لگوائی ہے ان کے پیشاب کو بھی نکاسی کی عام سپلائی سے علیحدہ کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ پینے کے پانی کے ذریعے ایسے لوگوں پر اس کے اثرات کا مشاہدہ کیا گیا ہے جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی ہے۔
ڈاکٹر نومی وولف نے بغیر تصدیق کے ٹویٹ کیے اور ان میں سے ایک وہ بھی شامل ہے جس میں بالغوں کے لیے بننے والی فلموں کا ایک امریکی اداکار ڈاکٹر کے روپ میں کھڑا ہے۔
ٹویٹر پر کئی لوگوں نے ڈاکٹر نومی وولف کے اکاؤنٹ کی معطلی کو اچھا فیصلہ قرار دیا ہے، پروفسیر گیون یامے نے ٹویٹ کیا کہ وہ بہت خوش ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر نومی وولف کے ٹویٹس کو انتہائی خوفناک، خطرناک اور فضول قرار دیا ہے۔