مظفرآباد: آزاد کشمیر کے دو وزرا کورونا وائرس کا شکار ہوگئے جبکہ انتظامیہ نے کورونا کے کیسز کے پیش نظر 5 مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔
تفصیلار کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کی نئی لہر تیزی سے پھیل رہی ہے ، آزاد جموں و کشمیر کے وزیر برائے قانون و پارلیمانی امور فاروق احمد طاہر اور وزیر تعلیم وقار احمد نور کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔
مقامی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر پانچ مقامات پر سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آفیسرکالونی نڑول، دومیل تعمیرنواسکول والی گلی ، آفیسرکالونی جلال آباد،رضوان اسکول والی گلی گوجرہ اور سیف پلازہ کےعقب میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔
خیال رہے پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کی وجہ سے مزید 14 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ اس دوران مزید 615 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے ملک میں کرونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 601 اور کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 20 ہزار 463 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس کی پہلی لہر کو پاکستان میں بہترین حکمت عملی سے قابو کیا گیا تاہم اب دوسری لہر شروع ہو چکی ہے، جسے قابو کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔