بھارت میں دلتوں پر اونچی برادری کے افراد کے مظالم تھم نہ سکے۔ ریاست گجرات میں دو نوجوانوں کا اچھے کپڑے پہننا اور چشمے لگانا جرم بن گیا۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گجرات کے ضلع بناسکنٹھا میں اونچی ذات کے افراد نے دو دلت نوجوانوں کو صرف اس لیے تشدد کا نشانہ بنایا کہ وہ اچھے کپڑے اور چشمے پہن کر بیٹھے گفتگو کر رہے تھے۔
دلت نوجوان گجر اپنے بھائی بھوپت کے ساتھ گھر کے باہر بیٹھ کر باتیں کر رہا تھا کہ اتنے میں دھور سنگھ نامی ملزم نے آکر ان سے ذات پات کی باتیں شروع کر دیں۔
ملزم نے نوجوانوں کو اچھے کپڑے اور چشمے پہننے پر دھمکیاں دیں اور پھر روانہ ہوگیا۔ بعد ازاں ملزم نے اپنے کچھ ساتھیوں سمیت گجر پر لاٹھیوں سے حملہ کر دیا جب وہ کام سے گھر لوٹ رہا تھا۔
بھوپت اور اس کی والد نے گجر کو بچانے کی کوشش کی تو ملزمان نے انہیں بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ جیسے ہی دلت برادری کے افراد موقع پر پہنچے تو ملزمان فرار ہوگئے۔
پولیس نے 7 ملزمان کو نامزد کرتے ہوئے واقعے کی ایف آئی آر درج کرلی، تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ گجر، بھوپت اور ان کی والدہ شدید زخمی ہونے کے باعث اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔