کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس فیز 8 میں بے قابو گاڑی سمندر میں جاگری جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق حادثے کی شکار ہونے والی سفید رنگ کی گاڑی میں دو افراد سوار تھے جس میں سے ایک نوجوان گاڑی چلانا سیکھ رہا تھا کہ اس دوران گاڑی بے قابو ہو کر سمندر میں جا گری۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ڈوبنے والے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کاررائیوں کا آغاز کیا، اس دوران ایدھی کے رضاکار اور غوطہ خور بھی مدد کو آن پہنچے اور دونوں افراد کو نکال کر تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا۔
جناح اسپتال کے ایمرجنسی میں ڈاکٹرز نے دونوں افراد کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا۔
دونوں افراد آپس میں رشتے دار تھے جن کی شناخت محمد افتخار اور دانیال کے نام سے ہوئی، میتوں کو جناح اسپتال کے مردہ خانے منتقل کردیا گیا ہے اور ضابطے کی کارروائی کے بعد میتوں کو لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔
ادھر کرین کی مدد سے ڈوبی ہوئی کار کو سمندر سے نکال کر متعلقہ تھانے منتقل کر دیا گیا ہے اور پولیس واقعے سے متعلق عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کر رہی ہے۔