مشی گن : امریکی ریاست مشی گن کی یونیورسٹی کے کیمبل ہال میں فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مشی گن سینٹرل یونیورسٹی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں 2 افراد ہلاک ہوگئے، یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مرنے والے دو افراد طالب علم نہیں ہیں۔
مشی گن کی سینٹرل یونیورسٹی نے ٹویٹر اکاؤنٹ پرواقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آور فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے، پولیس نے تمام لوگوں کو محفوظ مقام پرمنتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کی چوتھی منزل پرواقع کیمبل ہال میں فائرنگ کی گئی جبکہ مشتبہ شخص کی شناخت 19 سالہ جیمز ایرک ڈیوس کے نام سے ہوئی ہے۔
فلوریڈا کے ہائی اسکول میں فائرنگ، 17 افراد ہلاک
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 15 فروری کو فلوریڈا کے ہائی اسکول میں 19 سالہ حملہ آور نے اسکول کے اندر گھستے ہی فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوئی بچہ اور استاد اپنے آپ کو غیرمحفوظ نہ سمجھے۔
فلوریڈا : ہائی اسکول میں فائرنگ کرنے والےملزم نے اعتراف جرم کرلیا
بعدازاں فلوریڈا کے ہائی اسکول میں فائرنگ کرنے والے ملزم نکولس کروزنے عدالت کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا تھا۔
اورلینڈو کےنائٹ کلب میں فائرنگ، 49 افراد ہلاک
یاد رہے کہ 12 جون 2016 کو امریکی ریاست فلوریڈا کے جنوبی شہر اورلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب میں فائرنگ سے 49 افراد ہلاک جبکہ 53 زخمی ہوگئے تھے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔