تازہ ترین

سپریم کورٹ میں آج دو اہم کیسز کی سماعت ہوگی

سپریم کورٹ میں آج ریویو آف ججمنٹ اینڈ آرڈرز قانون کے خلاف درخواستوں اور الیکشن کمیشن کی پنجاب انتخابات پر نظر ثانی درخواستوں پر سماعت آج ہوگی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں آج دو اہم کیسز کی سماعت ہوگی۔ دونوں کیسز کی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل تین رکنی خصوصی بینچ کرے گا۔

صبح ساڑھے گیارہ بجے ریویو آف ججمنٹ اینڈ آرڈرز قانون کے خلاف درخواستوں پر سماععت ہوگی۔ عدالت عظمیٰ اس سے قبل پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ پر حکم امتناعی دے چکی ہے۔

درخواست گزاروں نے عدالت سے ایکٹ کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کر رکھی ہے۔

سپریم کورٹ آج جس دوسرے کیس کی سماعت کرے گا وہ پنجاب انتخابات پر الیکشن کمیشن کی نظر ثانی درخواست ہے۔

عدالت عظمیٰ نے پہلے الیکشن کمیشن کو 4 اپریل کو پنجاب میں انتخابات کرانے کا فیصلہ دیا تھا بعد ازاں دوسرے فیصلے میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم دیا گیا تھا تاہم الیکشن کمیشن عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کراسکا۔

عدالت عظمیٰ کے حکم کے باوجود وفاقی حکومت نے پنجاب میں انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو 21 ارب روپے کے فنڈز فراہم نہیں کیے تھے اور الیکشن کمیشن نے فنڈز سمیت دیگر وجوہات کو جواز بناتے ہوئے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کرایا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں 3 مئی کو فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

اس حوالے سے وفاقی حکومت، نگران پنجاب حکومت اور الیکشن کمیشن سمیت پی ٹی آئی جواب جمع کرا چکے ہیں۔

Comments

- Advertisement -