لندن: برطانوی دارالحکومت لندن میں چوبیس گھنٹوں کے دوران دوسرا فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق شمالی لندن کے علاقے رینرز لین میں ٹیوب اسٹیشن کے قریب فائرنگ ہوئی جس کے باعث دو افراد زخمی ہوئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق اس سے قبل لندن کے علاقے کنگس بری میں بھی ٹیوب اسٹیشن کے باہر نامعلوم شخص نے فائرنگ کی تھی جس کے باعث تین افراد زخمی ہوئے تھے۔
کنگس بری میں قائم ٹیوب اسٹیشن کے باہر فائرنگ کے واقعے کو چوبیس گھنٹے بھی نہیں گزرے تھے کہ پھر زینرز لین کے ٹیوب اسٹیشن کے قریب فائرنگ ہوئی جس سے دو افراد زخمی ہوگئے۔
مذکورہ واقعے میں زخمی ہونے والے دونوں افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، جبکہ دو افراد کی گرفتار بھی عمل میں آئی ہے۔
برطانوی دارالحکومت میں فائرنگ، 3 افراد زخمی
برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے فوری بعد دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جن میں سے ایک کی عمر اٹھارہ جبکہ دوسرے کی پچیس سال ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والے دونوں افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے، جبکہ مقامی عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اس قسم کے واقعے کی روک تھام کے لیے پولیس کا ساتھ دیں۔
یاد رہے کہ رواں سال 7 مئی کو لندن کے شمال مغربی علاقے ویلڈ اسٹون میں نامعلوم شخص کی فائرنگ سے دو 13 اور 15 سالہ لڑکے زخمی ہوگئے تھے، بعد ازاں پولیس کو حملہ آور کا سراغ لگانے میں بھی بڑی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔