ابوظبی : اماراتی عدالت نے کرونا وائرس سے متعلق غلط خبر نشر کرنے پر مقامی و غیر ملکی صحافی کو دو سال قید کی سزا سنادی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی کی اپیل کورٹ نے صحافیوں کو سزا دینے کے فیصلے کی توثیق کی ہے۔
سزا پانے والے مقامی رپورٹر اور ایک غیر ملکی صحافی نے کرونا وائرس سے متعلق غلط خبر نشر کرکے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلایا تھا جس پر مقامی عدالت نے انہیں دو برس قید کی سزا سنائی تھی۔
مقامی نشریاتی ادارے کے رپورٹر نے خبر دی تھی کہ ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کرونا میں مبتلا ہوکر ہلاک ہوگئے ہیں، اس خبر میں صحافی کے ساتھ ایک غیر ملکی صحافی نے بھی معاونت کی تھی۔
اس خبر پر شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا جس کے باعث حکومت نے ایکشن لیتے ہوئے خبر کو افواہ قرار دیا تھا اور دونوں صحافیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔