جمعہ, مئی 10, 2024
اشتہار

کینیڈا: عدالت نے متعدد شادیاں کرنے پر دو شہریوں کو نظر بند کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

اوٹاوا : کینیڈین کی عدالت نے کینیڈین شہریوں ونسٹن بلیک مور اور جیمز اولڈر کو ایک سے زائد شادیاں کرنے کے جرم میں 6 ماہ کے لیے گھر میں نظر بند کرنے کی سزا سنادی۔

تفصیلات کے مطابق کینیڈا کی ریاست برٹش کولمبیا کی عدالت عالیہ نے کینیڈین شہری ونسٹن بلیک مور کو ایک سے زائد شادیاں کرنے پر سزا سناتے ہوئے 6 مہینوں کے لیے گھر میں نظر بند کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کولمبیا کی عدالت نے متعدد بیویاں رکھنے پر 2 شہریوں کو گھر میں نظر بند کرنے کی سزا سنائی ہے، جس میں کینیڈا کے شہری ونسٹن بلیک مور کو 24 بیویاں رکھنے کے جرم میں سزا سنائی گئی ہے۔

- Advertisement -

سپریم کورٹ آف کولمبیا کا کہنا تھا کہ ونسٹن نے 24 خواتین سے وقتاً فوقتاً شادیاں کیں جن سے ونسٹن کے 149 بچے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں 6 ماہ جبکہ جیمز اولڈر کو 5 خواتین سے عقد کرنے کے جرم میں تین مہینے گھر میں نظر بند رہنے کی سزا سنائی گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عدالت کے جج شیری ڈونگن نے سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ دونوں مجرمان کو قوانین پر عمل پیرا ہونے اور سخت محنت کرنے کے بعد ہی رہائی مسیر آئے گی۔

کینیڈین خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ شیری ڈونگن نے ونسٹن اور جیمز اولڈر کو ابتدائی مرحلے میں 12 مہینے تک نگرانی کرنے کا بھی حکم سنایا ہے، کیوں کہ عقد کے وقت کچھ لڑکیوں کی عمریں 15 برس سے کم تھی۔

سپریم کورٹ کے جج کا کہنا تھا جیمز اولڈر نے اپنے دینی عقائد کے مطابق ایک سے زائد شادیاں کی ہیں، جبکہ ونسٹن نے مذہبی عقائد کو بنیاد بنانے کے بجائے ذاتی طور پر 24 شادیاں کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

سپریم کورٹ نے دونوں شہریوں کے متعدد شادیوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ملزمان کو صرف ملازمت اور طبی ایمرجنسی کے سلسلے میں گھر سے باہر جانے کی اجازت دی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا عدالت نے ونسٹن اور اولڈر کو گھر میں نظر بندی کے ساتھ ساتھ 150 اور 75 گھنٹے کمیونٹی کے لیے بھی امور انجام دینے ہوں گے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں