گجرات: صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں دو موٹرسائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق گجرات میں کڑیانوالہ روڈ پر 2 موٹرسائیکلوں میں تصادم ہوا، افسوس ناک واقعے میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ چاروں افراد ٹکر لگنے سے سڑک پر گرے،ٹریکٹر چاروں کے اوپر سے گزر گیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت شعبان، جمشید، ارسلان اور اسلم کے نام سے ہوئی ہے۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں 2 موٹرسائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے تھے،حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ مانگا منڈی رائے ونڈ روڈ پر دو موٹرسائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا تھا۔