پیر, اکتوبر 28, 2024
اشتہار

ایم کیو ایم پاکستان کی 2 خواتین رکن سندھ اسمبلی پی ایس پی میں شامل

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : ایم کیوایم پاکستان کی ایم پی اے ناہید بیگم اور نائلہ منیر نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیارکرلی جبکہ مصطفی کمال نے پی آئی بی اور بہادرآباد کے ساتھیوں کو فیصلے پر نظرثانی کرنے اور پی ایس پی میں شمولیت کی دعوت دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے ایم کیوایم پاکستان کی مزید2پتنگیں کاٹ دیں، ایم کیو ایم کی مزید دو ایم پی اے ناہید بیگم اور نائلہ منیر پی ایس پی کا حصہ بن گئیں۔

اس موقع پر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پی ایس پی میں 2 خواتین ایم پی ایزشمولیت اختیارکررہی ہیں، پرانے ساتھیوں کو بھی پی ایس پی جوائن کرنے کی دعوت دیتا ہوں، ہم نے کسی سے انتقام لینے کے لئے یہ کام شروع نہیں کیا تھا، بہادرآباد،پی آئی بی والوں سےکہتاہوں اپنےفیصلے پر نظر ثانی کریں۔

- Advertisement -

چیئرمین پی ایس پی کا کہنا تھا کہ دعوت دیتاہوں دلوں کو صاف کر کے ہمیں جوائن کریں، مردم شماری اورحلقہ بندیوں میں کراچی سے ناانصافی کی گئی، مل کر کراچی اور حیدرآباد کی مردم شماری کیلئےجدو جہدکرنی ہے، آئیں شہر سے ناانصافیوں کے خلاف مل کر جدوجہد کرتے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ کراچی والوں کا گلہ پیپلزپارٹی سے نہیں، ایم کیو ایم سے بنتا ہے، گزشتہ2ماہ کے دوران جو ہوا اچھانہیں ہوا، دونوں کیمپوں کو مل کر کام کرنےکی دعوت دیتاہوں، حکومت سے کہتا ہوں سندھ کے شہری علاقوں سے ناانصافی بند کی جائے۔

دوسری جانب ناہید بیگم کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم اقربا پروری اور آپس کی چپقلش کا شکار ہوچکی ہے جبکہ نائلہ منیر نے کہا کہ ایم کیوایم میں 31 سال ایمانداری سےکام کیا، ایم کیوایم میں انفرادی سوچ ہے،میرٹ مائنس ہوچکاہے، تجربہ استعمال کرکےقوم کو بحران سے نکالنا چاہتی ہوں۔

خیال رہے کہ نائلہ منیر اور ناہید بیگم سندھ اسمبلی میں مخصوص نشست پرایم کیو ایم کی رکن منتخب ہوئیں تھیں۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان  کے رہنما اور  ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ سمیت متعدد رہنما  پی ایس پی میں شمولیت کا اختیار کر چکے ہیں  جبکہ  فاروق ستار نے پارٹی چھوڑنے والے 11 ارکان اسمبلی کیخلاف ریفرنس دائر کیا ہوا ہے ، جس میں الیکشن کمیشن سے ارکان کو نااہل کرنے کی استدعا کی ہے۔

ارکان میں رکن قومی اسمبلی آصف حسنین اور سلمان بلوچ جب کہ رکن سندھ اسمبلی ارم عظیم فاروقی، شیخ عبداللہ، خالد بن ولایت، ارتضیٰ خلیل، ندیم راضی، عبدالرزاق، عارف مسیح اور بلقیس مختیار شامل ہیں۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں