کراچی : بیرون ملک سے کراچی آنے والے مزید 2 مسافروں میں کورونا جے این ون ویرینٹ کی تصدیق ہوگئی، اب تک بیرون ملک سے کراچی پہنچنے والے 15 مسافروں کے ٹیسٹ مثبت آچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بیرون ملک سے کراچی پہنچنے والے 2 مزید مسافروں کا ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ مثبت آگیا، ترجمان نے بتایا کہ 28سالہ فیصل آباد کا رہائشی اور 25 سالہ مالاکنڈ کا رہائشی جدہ سے کراچی پہنچے ہیں۔
گزشتہ روز رہ جانے والے 4 پی سی آر ٹیسٹ کے نتائج بھی محکمہ صحت کو موصول ہوگئے ہیں ، چاروں مسافروں کے پی سی آر ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سےکراچی پہنچنے والے 17مسافروں کے ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ مثبت آچکے جبکہ ریپڈ اینٹیجن کے 17 کیسوں میں سے 15 مسافروں کے پی سی آر بھی مثبت آچکے ہیں، 15مثبت پی سی آر کیسز میں سے 2 مسافروں کے جے این ون ویرینٹ مثبت ہیں۔
ترجمان کے مطابق تمام متاثرہ مسافروں کو ٹیسٹ کے نتائج سےآگاہ کرکے سختی سے گھروں میں قرنطینہ کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کوروناجےاین ون ویرینٹ کے مجموعی طور پر15کیسزرپورٹ ہوئے، وزارت صحت نئے ویرینٹ کی خصوصی طور پرنگرانی کر رہی ہے۔
ڈاکٹر ندیم جان کا کہنا تھا کہ یہ ویرینٹ ابھی تک دنیا میں 60 سےزائد ممالک میں رپورٹ ہوا، ڈبلیو ایچ او کے مطابق اس ویرینٹ کے پھیلاؤ کا رسک بہت کم ہے۔