لیما: بحرالکاہل میں جزیرہ ریاست ‘ٹونگا’ کے قریب زیر سمندر آتش فشاں پھٹنے کے اثرات ملکِ پیرو پر بھی پڑ رہے ہیں جہاں دو افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ‘پیسیفک اوشن’ کے سمندر میں آتش فشاں پھٹنے سے ٹونگا میں سونامی آگیا جس نے ساحلی علاقوں میں بڑی تباہی مچائی جبکہ بحرالکاہل سے جڑے دیگر ممالک کے لیے بھی انتباہ جاری ہوچکا ہے۔ ادھر پیرو کی تیز سمندری لہریں دو افراد کو بہا لے گئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سونامی کے باعث پیرو کے ساحلی علاقے بھی شدید دباؤ میں ہیں، سمندر کی تیز لہریں شہریوں کے لیے خطرے کی علامت بنی ہوئی ہیں۔ حکام نے لوگوں کو ساحلی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
سمندر کی غیرمعمولی اور تندوتیز موجوں کے باعث پیرو کے کئی بندرگاہ بھی عارضی طور پر بند کردیے گئے۔
موجودہ صورت حال کے پیش نظر بحرالکاہل کے تقریباً ممالک نے حفاظتی اقدامات شروع کردیے، ٹونگا میں آتش فشاں کے بعد سونامی نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ہے۔
دوسری جانب جاپان نے بھی اپنے شہریوں کو ساحلی علاقے چھوڑنے کی ہدایت کردی ہے۔