ڈیرہ اسماعیل خان : بھرے بازار میں دن دیہاڑے نامعلوم دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے دو پولیس اہلکاروں کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے پر رونق بازار توپانوالہ میں دو نامعلوم دہشت گردوں نے موٹر سائیکل پر سوار دو افراد گولیوں کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے دونوں مقتولین کی شناخت پولیس اہلکار کے طور پر ہوئی ہے جو سادہ لباس میں کسی نجی کام جا رہے تھے کہ گولیوں کا شکار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے خول ملے ہیں اس کے علاوہ دیگر شواہد بھی اکٹھے کر لیے ہیں اور تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ملزمان کو ہر حال میں گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
ریسکیو اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کاموں کا آغاز کرکے دونوں لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں پوسٹ مارٹم کے میتیں لواحقین کے حوالے کردی گئیں اور پولیس لائن ڈیرہ اسماعیل خان میں شہداء کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔
شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ میں اعلٰی پولیس و سول افسران کے علاوہ علاقہ پولیس کے جوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی بعد ازاں انہیں سلامی پیش کی گئی اور مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کی میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئی۔