پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے شیڈول میں ممکنہ طور پر ٹورنامنٹ کے براڈکاسٹرز کی درخواست کے بعد نظر ثانی کی گئی ہے جس کے نتیجے میں دو میچوں کی تاریخ میں تبدیلی کا امکان ہے۔
ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان ابتدائی طور پر یکم مئی کو ہونے والا میچ اب 6 مئی کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہو سکتا ہے۔
اسی طرح ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان مقابلہ جو کہ اصل میں 10 مئی کو ہونا تھا اب 11 مئی کو ہونے کا امکان ہے۔ دونوں میچز اب روشنیوں میں رات کے وقت کھیلے جائیں گے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی براڈ کاسٹ کمپنی میں شامل بھارتی عملے کو پاکستان سے نکال دیا گیا ہے۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے شہریوں کو 48 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کی تھی جس پر عمل درآمد شروع ہوگیا ہے۔
تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ براڈ کاسٹ کمپنی کے 23 بھارتی شہریوں کو بھارت روانہ کر دیا گیا ہے، براڈ کاسٹ کمپنی کے ارکان کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت بھجوایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 10 (پی ایس ایل) کے براڈکاسٹنگ عملے میں شامل 23 بھارتی شہری مختلف تکنیکی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے۔