لاہور : الیکشن کمیشن نے این اے 120 میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مسلم لیگ ن کے 2 ارکان اسمبلی کو نوٹس جاری کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پنجاب کے وزیر خوراک بلال یاسین اور رکن صوبائی اسمبلی سیف الملوک کھوکھر کو نوٹس جاری کردیے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق دونوں ارکان اسمبلی نے این اے 120 سے مسلم لیگ کی امیدوار کلثوم نواز کی بیٹی مریم نواز کی انتخابی ریلیوں میں شرکت کی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری نوٹس میں دونوں رکن صوبائی اسمبلی سے کہا گیا ہے کہ وہ 3 دن میں وضاحت پیش کریں ورنہ قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
صوبائی وزیر بلال یاسین الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوئے
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی الیکشن کمیشن نے صوبائی وزیرخوراک سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جواب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر بلال یاسین انتخابی ضابطہ کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے تو ان کی نااہلی کا نوٹس جاری کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن نے این اے 120 میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وفاقی وزیر برائے کامرس وٹیکسٹائل پرویز ملک کو نوٹس جاری کیا تھا۔