لاہور : پنجاب کے دو وزرا میاں اسلم اقبال اورسید حسین جہانیاں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ، جس کے بعد دونوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا کی دوسری لہر کا خدشہ ہے ، پنجاب کے دو وزرا وزیر صعنت و پیداوار میاں اسلم اقبال اور وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔
کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر وزیر صنعت و تجار ت پنجاب اور وزیر زراعت نے خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا اور عوامی سرگرمیاں منسوخ کر دی ہیں، میاں اسلم اقبال کی گزشتہ شام طبیعت ناساز ہوئی۔
خیال رہے صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 223 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 7 مریضوں کی اموات ہوئیں، جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 2ہزار277 اور مریضوں کی تعداد ایک لاکھ ایک ہزار237ہوگئی ہے جبکہ پنجاب میں کرونا کو شکست دینے والوں کی تعداد 96ہزار989ہوچکی ہے۔
واضح رہے پنجاب میں کورونا کیسز میں اضافہ کے ساتھ ہی ایڈوائزری بورڈ نے خطرے کی گھنٹی بجادی تھی ، ذرائع کا کہنا تھا ایڈوائزری بورڈ نے پنجاب حکومت کو آگاہ کردیا ہے کہ رینڈم ٹیسٹس کےنتائج حوصلہ افزانہیں ، کوروناایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو وبا تیزی سے پھیل سکتی ہے۔
پنجاب حکومت نے صوبے میں اجتماعات پر پابندی لگانے پر غور شروع کردیا ہے، دفعہ 144 کےنفاذ پرحتمی فیصلہ کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کرے گی۔