جامشورو: سیہون شریف پولیس نے تھانے میں دو مرغوں کو ہی لاک اپ کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایس ایچ او سیہون محمد علی عباسی کا کہنا ہے کہ مرغوں کی لڑائی کے دوران چھاپے میں دو مرغے اور دو ملزمان کو پکڑا گیا تھا۔
ایس ایچ او کا بتانا ہے کہ ملزمان عدالت سے ضمانت پر رہا ہوگئے لیکن دونوں مرغے تاحال قید ہیں۔
پولیس کے مطابق مالک عدالت میں درخواست دے کر مرغے حاصل کرسکتے ہیں، مالکان مرغے لڑانے کا جرم ثابت ہونے سے بچنے کے لیے عدالت سے رجوع نہیں کررہے۔
ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ ہم مرغوں کو دانہ کھلا کھلا کر تھک چکے ہیں مالکان جلد عدالت سے رجوع کریں۔
محمد علی عباسی کا کہنا ہے کہ ان مرغوں کی خوراک بھی مہنگی ہے، گندم، باجرہ دیگر اناج کھلاتے ہیں، یہ مرغے کورٹ پراپرٹی ہیں اگر مر گئے تو ہم مصیبت میں پڑ جائیں گے۔