وہاڑی: گھر سے بھاگ کر پسند کی شادی کرنے والی 2 بہنوں کو قتل کردیا گیا، بھائی نے باپ اور چاچا کے ساتھ مل دونوں کو قتل کیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے ضلع وہاڑی میں غیرت کے نام پر دہرے قتل کی واردات ہوئی، جہاں بھائی نے باپ اور چاچا کے ساتھ مل کر شادی شدہ بہنوں کو قتل کردیا۔
فائرنگ کاواقعہ تھانہ ماچھیوال کی حدود19ڈبلیوبی میں پیش آیا، پولیس کے مطابق دو لڑکیوں نے پسند کی شادی کی تھی، جس پر ملزمان کو شدید غصہ تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مقتولہ افشاں بی بی اور مقتولہ نشاط بی بی کو بذریعہ پنچائت واپس لایا گیا تھا اور گھر پہنچتے ہی ملزم نے باپ اور چچا کے ساتھ مل کر دونوں بہنوں کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔
ڈی پی او نے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں ، ملزمان جلد گرفتار ہوں گے۔
یاد رہے گذشتہ ماہ پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں والدین نے غیرت کےنام پر بیٹی کو قتل کیا تھا اور دوران تفتیش والدین نے قتل کا اعتراف بھی کرلیا تھا۔
اس سے قبل کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن ایم پی آر کالونی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا تھا، جہاں دیور نے اپنی بھابھی کو قتل کردیا تھا۔