کراچی : شہر قائد میں رینجرزاور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی میں کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
تفصیلات کے مطابق رینجرز اورکاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کراچی میں کورنگی نورانی بستی کا محاصرہ کیا۔
دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی جبکہ سیکورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ میں کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، جن کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے بتایا جارہا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد پولیس ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے ٹائم بم، دستی بم، ڈیٹونیٹر، پمفلٹ اور پولیس اہلکاروں سے چھینی رائفل بھی برآمد ہوئی۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق فائرنگ میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت عرفان اللہ عرف شینا اور خالد عرف تورابورا کےنام سے ہوئی ہے۔
کراچی میں پولیس کی کارروائیاں‘ 4 افراد گرفتار
واضح رہے کہ گزشتہ روزکراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیوں کے دوران 2 ڈکیتوں سمیت چار افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا تھا۔