کراچی: گزشتہ 4 برسوں میں ٹائیفائیڈ بخار سے متاثر ہونے والوں کے اعداد و شمار محکمہ صحت نے جاری کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نومبر 2016 سے سندھ بھر کے 23 اضلاع میں ٹائیفائیڈ کے 19 ہزار 506 کیس رپورٹ ہوئے، کراچی سے 14 ہزار 509، جب کہ حیدر آباد سے 3 ہزار 6 سو 39 ٹائیفائڈ بخار کے کیس سامنے آئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مزاحمتی ٹائیفائیڈ بیکٹریا سے بھی چار برسوں میں 13 ہزار 727 شہری شکار ہوئے، کراچی میں 9 ہزار 726، جب کہ حیدرآباد میں 2 ہزار 8 سو 79 افراد مزاحمتی ٹائیفائیڈ بخار سے متاثر ہوئے۔
تفصیلی رپورٹ کے مطابق ٹنڈو آلہ یار سے 21 ٹائیفائیڈ بخار کے کیس سامنے آئے جن میں سے 15 مزاحمتی ٹائیفائیڈ بیکٹریا کے کیس تھے، بدین سے 130 جن میں سے 94 مزاحمتی ٹائیفائیڈ کیس تھے، دادو سے 39 جن میں 31 مزاحمتی ٹائیفائیڈ، کشمور سے 53 جن میں سے 49 مزاحمتی، گھوٹکی سے 45 جن میں 40 مزاحمتی، میرپور خاص سے 3 سو 34 جن میں 2 سو 76 مزاحمتی، سکھر سے 84 جن میں 70 مزاحمتی، تھر پار کر سے 23 جن میں 15 مزاحمتی ٹائیفائیڈ کیس تھے۔
سانگھڑ سے 128 جن میں سے 110 مزاحمتی، نوشہروفیروز سے 46 جن میں 35 مزاحمتی، شکار پور سے 40 جن میں 38 مزاحمتی، ٹنڈو محمد خان سے 2 مزاحمتی، جامشورو سے 224 جن میں 187 مزاحمتی، عمر کوٹ سے 6 جن میں 5 مزاحمتی، جیکب آباد سے 13 جن میں 12 مزاحمتی، شہید بے نظیر آباد سے 17 جن میں 14 مزاحمتی، لاڑکانہ سے 64 جن میں 55 مزاحمتی، سجاول سے 9 جن میں 5 مزاحمتی، مٹیاری سے 4 جن میں 3 مزاحمتی، ٹھٹھہ میں 14 جن میں 13 مزاحمتی، خیر پور سے 62 جن میں سے 53 مزاحمتی ٹائیفائیڈ بیکٹریا کے کیس تھے۔
ادھر محکمہ صحت نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں ایک کروڑ بچوں کی ٹائیفائیڈ ویکسی نیشن کی جائے گی، 2 دن میں 18 لاکھ بچوں کی ویکسی نیشن کی جا چکی ہے، 462 یوسیز میں ایک کروڑ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن کی جائے گی، کراچی کے 192 یونین کونسلز میں ٹائیفائیڈ ویکسی نیشن جاری ہے، ویکسی نیشن کی مہم سندھ بھر میں 30 نومبر تک جاری رہے گی۔