کراچی: محکمہ صحت نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں 48لاکھ بچوں کو ٹائیفائیڈ ویکسین فراہم کی جاچکی ہے، 18 نومبر سے شروع ہونے والی یہ مہم 30نومبر تک جاری رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں ایک کروڑ سے زائد بچوں کو ویکسین دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، یہ مہم 30 نومبر تک جاری رہے گی، والدین اور شہریوں کی جانب سے تعاون قابل تحسین ہے۔
اتوار کی تعطیل کے دن بھی ٹائیفائیڈ ویکسین مہم جاری رہے گی، سرکاری وبلدیاتی صحت مراکز اور نجی اسپتالوں میں ویکسین فراہم کی جارہی ہے، انتظامیہ نے ٹائیفائیڈ جیسے موذی مرض کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ ملک میں پہلی انسداد ٹائیفائیڈ مہم جاری ہے، جو 30 نومبر تک جاری رہے گی، اس دوران 9 ماہ سے 15 سال تک کے بچوں کو انسداد ٹائیفائیڈ ویکسین دی جائے گی۔
حکومتِ پاکستان نے یہ نئی ویکسین ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے ذریعے منظور کروائی ہے اور یہ ویکسین صوبہ سندھ میں دو ہفتوں کی حفاظتی ٹیکوں کی مہم کے دوران استعمال کی جارہی ہے۔ صوبہ سندھ میں 2017 کے بعد سے اب تک ٹائیفائیڈ کے 10,000 کیسز درج کیے گئے۔