جمعرات, نومبر 14, 2024
اشتہار

دنیا کی تیسری سب سے طاقت ور ہوائیں پیدا کرنے والے طوفان نے تائیوان میں تباہی مچا دی

اشتہار

حیرت انگیز

پنگٹونگ: دنیا کی تیسری سب سے طاقت ور ہوائیں پیدا کرنے والے سمندری طوفان کوئینو نے جنوبی تائیوان میں تباہی مچا دی۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو علی الصبح جنوبی تائیوان سے ٹکرا کر زمرہ فور کے ٹائفون کوئینو نے طاقت ور طوفانی ہوائیں پیدا کیں، جس سے ایک شخص ہلاک اور 304 زخمی ہو گئے ہیں۔

دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق یہ دنیا بھر میں اب تک ریکارڈ کی گئیں تیسری تیز ترین ہوائیں تھیں، جب کہ تائیوان کی سینٹرل ویدر ایڈمنسٹریشن نے بتایا کہ 1986 میں اس کے قیام کے بعد سے تائیوان میں یہ سب سے زیادہ تیز اور طاقت ور جھونکے تھے۔

- Advertisement -

سمندری طوفان کوئینو بدھ کی رات تائیوان کے بیرونی لانیو جزیرے کو عبور کرتے ہوئے 95.2 میٹر فی سیکنڈ یا 342.7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوا کے جھونکے لے کر آیا۔

رپورٹس کے مطابق ہوا کے یہ جھونکے عالمی سطح پر ریکارڈ کیے گئے تیسرے طاقت ور ترین جھونکے تھے۔ 1996 میں مغربی آسٹریلیا کے بیرو جزیرے میں 408 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جھونکا ریکارڈ کیا گیا تھا، جس نے 1934 میں قائم کیا گیا ریکارڈ توڑ دیا تھا، جب امریکا میں نیو ہیمپشائر کے ماؤنٹ واشنگٹن پر 372 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا ریکارڈ کی گئی تھی۔

طوفان کے باعث جنوبی تائیوان میں موسلادھار بارش اور تیز ہواؤں نے کئی شہروں میں لاکھوں لوگوں کو گھروں تک محدود کر دیا ہے، اور اسکول بند ہو گئے، ہواؤں کے جھکڑوں کے پیشِ نظر متعدد پروازیں بھی معطل ہو گئیں، تیز ہواؤں کی وجہ سے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، سائن بورڈ گر گئے، گاڑیوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، تاہم دارالحکومت تائپے میں معمول کے مطابق کاروباری سرگرمیاں جاری ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آبنائے تائیوان میں داخل ہونے کے بعد ٹائفون کوئینو چین کے گوانگ ڈونگ صوبے کی طرف بڑھ گیا ہے، اور یہ کافی کمزور ہو گیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں