آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ میں انتہائی متنازعہ فیصلے کے بعد کرکٹ کے حلقوں میں کھلبلی مچ گئی جبکہ سابق کرکٹرز بھی اس پر تنقید کررہے ہیں۔
انڈر19 ورلڈکپ میں انگلینڈ کے حمزہ شیخ کو زمبابوے کے خلاف میچ کے دوران میدان میں رکاوٹ ڈالنے کی بنا پر انتہائی انوکھے اور متنازع انداز میں آؤٹ قارار دیا گیا تھا۔ انگلش براڈ کاسٹر پیئرز مورگن نے زمبابوین پلیئرز کی جانب سے اپنی اپیل واپس نہ لینے پر انھیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
انگلش انڈر19 کرکٹر حمزہ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کر رہے تھے اس وقت انگلینڈ کا اسکور 2 وکٹوں کے نقصان پر 70 رنز تھا۔ تاہم، وہ صرف 9 بالز کھیلنے پائے تھے کہ انھیں متنازع انداز میں پویلین لوٹنا پڑا۔
ایک سوئنگ ہوتی بال کو حمزہ شیخ ٹھیک طرح سے کھیلنے میں ناکام رہے، اس دوران بال وکٹ پر ان کی ٹانگوں کے درمیان موجود تھی جسے انھوں نے ہاتھ سے اٹھا کر زمبابوے کے وکٹ کیپر ریان کامویمبا کی طرف پھینک دیا۔
فوراً ہی کمویمبا اور دیگر زمبابوے کے دیگر فیلڈرز نے حمزہ پر فیلڈ میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کےخلاف آؤٹ کی اپیل کی جس پر امپائر نے بیٹر کو آؤٹ قرار دے دیا۔
Wow… ☹️ https://t.co/gEb7UBSnDy
— Sam Billings (@sambillings) February 3, 2024
کرکٹ کے قوانین کے مطابق کسی کھلاڑی کو ’فیلڈر کی رضامندی کے بغیر‘ میدان میں رکاوٹ ڈالنے پر آؤٹ قرار دیا جاسکتا ہے۔
انگلینڈ کے ریٹائرڈ فاسٹ باؤلر اسٹیو ہارمیسن نے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’کھیل ختم ہو گیا، یہ افسوسناک ہے‘۔
اس واقعے پر تبصرہ کرتے وقت انگلش براڈ کاسٹر اور صحافی پیئرز مورگن کا ’ایکس‘ پر کہنا تھا کہ ’یہ کتنا افسوسناک ہے۔ زمبابوے کے ان کھلاڑیوں کو شرم آنی چاہیے، کون اس طرح جیتنا چاہتا ہے؟‘
اسٹورٹ براڈ نے ٹویٹر پر لکھا کہ ’اوہ بیٹر تو فیلڈر کی آسانی کے لیے اسے گیند واپس کررہا ہے، اسے آؤٹ قرارت نہیں دے سکتے‘۔