اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ یواے ای صدر نے دو بلین ڈالر کی ادائیگی کو رول اوور کردیا، ادائیگی میں وقت دینے پر یواےای صدر کے شکر گزار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کو رحیم یارخان میں یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات ہوئی ، یواےای کے صدر سے مثبت گفتگو ہوئی، ملاقات میں باہمی تعلقات، سرمایہ کاری کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ یواے ای صدر نے کہا ہمارے برادرانہ تعلقات ہیں اور سرمایہ کاری میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا ساتھ جنوری میں جو 2 بلین ڈالر کی ادائیگی کرنی ہے اس میں توسیع کررہے ہیں، 2 بلین ڈالر کی ادائیگی میں وقت دینے پر یواے ای صدر کے شکر گزار ہیں۔
مزید پڑھیں : یو اے ای کے صدر کا پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کا عندیہ
ان کا کہنا تھا کہ معاشی سفارتکاری کے ثمرات آرہے ہیں ، اسی ماہ انڈونیشیا کے صدر پاکستان تشریف لارہے ہیں، انڈونیشیا کے صدر کیساتھ بات چیت کیلئے ایجنڈا مرتب کر رہے ہیں۔
یاد رہے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں پاکستان کے ساتھ معدنیات اور زراعت کے شعبوں میں تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے پاکستان کی معیشت مستحکم کرنے کے لیے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی متحرک قیادت کی تعریف کرتے ہوئے زور دیا تھا کہ اس نئی اقتصادی قوت نے دو طرفہ سرمایہ کاری اور تعاون میں اضافے کے امکانات پیدا کیے ہیں۔