دبئی: متحدہ عرب امارات میں اب ایمبولینس ازخود ٹریفک سگنل کی لائٹ کو سرخ سے سبز کردے گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی نظام کے تحت ایمبولینس اور اسپتالوں کو باہم منسلک کیا گیا ہے، یہ اماراتی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا جدید نظام ہے جس میں مریض کی جان کو بچانے کے لیے تیز ترین سروس مہیا کرنا ہے۔
جدید سہولیات سے آراستہ اس منصوبے کو دبئی میں جاری عرب ہیلتھ 2020 نمائش میں متعارف کروایا گیا، اس اقدام کا مقصد صحت کے شعبے میں مستقبل میں درپیش چیلنجز کو مد نظر رکھتے ہوئے آئندہ 50 سالوں کی تیاری کرنا ہے۔
اس نظام کے تحت کالر اپنے نزدیک ترین ایمبولینس کے مقام اور اسپتال پہنچنے کے چھوٹے راستے کا چناؤ کر سکے گا، جدید نظام کی بدولت ایمبولینس آئی ڈی سے منسلک ڈیٹا بیس لنک کے ذریعے مریض کی تفصیلات تک رسائی حاصل کر کے اسے اسپتال میں فوری طور پر منتقل کرے گی۔
اسپتال کے ورچوئل ایمرجنسی روم میں تفصیلات مریض کے پہنچنے سے پہلے پہنچ چکی ہوں گی تاکہ مریض کی حالت کے پیش نظر تیاریاں مکمل کی جاسکیں اور علاج کے عمل کو تیز تر بنانے کے ساتھ ساتھ موثر بھی بنایا جا سکے۔
ایمبولینس میں نصب ٹریفک الارم سسٹم کے تحت از خود سگنل سرخ سے سبز ہو جائے جو کہ ایمبولینس کو اسپتال پہنچانے کے دورانیہ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔