کراچی : متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل نے 5 سالہ ویزہ کے حوالے سے تفصیلات بتائی کہ کون کون اپلائی کرسکتا ہے؟
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے یو اے ای قونصلیٹ کا دورہ کیا ، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ آج میں یو اے ای قونصلیٹ میں موجود ہوں ، اسلام آباد سے یو اے ای کے سفیر یہاں آئے ہوئے ہیں۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی ماہ سے یو اے ای کے ویزہ میں مشکلات آرہی تھیں ، جب بھی اسلام آباد جاتا تھا یو اے ای سفیر کو اس شکایت سے آگاہ کرتا رہا، اب پاکستانی تاجر اور فیملی یو اے ای کا ویزہ حاصل کرسکتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ 5سال کا ویزہ مل سکتا ہے، اب 20 سے 25 منٹ میں ویزہ حاصل کیا جاسکتا ہے، بتایاگیا کہ یو اے ای انتظامیہ نےویزہ لینے آنیوالوں کیلئےریڈ کارپٹ بچھایا ہے۔
مزید پڑھیں : یو اے ای کا 5 سالہ ویزا حاصل کرنے کیلیے کتنا بینک بیلنس درکار ہے؟
یو اے ای قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانیوں سے بڑی محبت اورعزت کرتے ہیں ، یو اے ای ویزہ کیلئے ہر خاص و عام اپلائی کرسکتا ہے، کام ، علاج ودیگر ضرورت کیلئے بھی پاکستانی ویزہ اپلائی کرسکتے ہیں ، ہر ایک پاکستانی کو عزت و وقار کے ساتھ ویزہ ملے گا، جلد ویزہ کی تفصیلات شیئر کی جائیں گی۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ آرمی چیف نے ایس آئی ایف سی قائم کرکے تاریخی قدم اٹھایا، پاکستان کو جب ضرورت تھی توحقیقی دوست ملک نے ساتھ دیا ، یو اے ای قونصل جنرل میرے بھائی ہیں ان کی خدمات قابل تعریف ہیں۔