متحدہ عرب امارت میں اماراتی عدالت نے بنگلہ دیشی حکومت کے خلاف مظاہرے کرنے پر 57 افراد کے خلاف فرد جرم عائد کرتے ہوئے قید کی سزا کا حکم سنایا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ جمعہ کے روز امارات میں مقیم بنگلہ دیشیوں نے اپنی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے اور درجنوں افراد کو جمع کرلیا۔
اماراتی پولیس نے مظاہرے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کیا، پولیس نے مظاہرے کے سرکردہ 57 افراد کو فوری گرفتار کرکے ان کا مقدمہ فوری سماعت کی عدالت کے سپرد کردیا۔
اماراتی عدالت کی جانب سے ان 3 مرکزی ملزمان کو جن پر بنگلہ دیشی حکومت کے خلاف مظاہرے کی قیادت کرنے اور لوگوں کو حکومت کے جمع کرنے کا جرم ثابت ہونے پر عمر قید جبکہ 53 افراد کو دس برس اور ایک بنگلہ دیشی جو غیرقانونی طور پر امارات میں مقیم تھا کو 11 برس قید کا حکم سنا دیا۔
عدالتی احکامات کے مطابق قید کی سزا مکمل کرنے کے بعد تمام افراد کو ملک بدر کرکے ان کے پاس برآمد ہونے والے آلات کو بھی بحق سرکار ضبط کرلیا جائے گا۔
بنگلادیش میں طلبہ نے ڈیجیٹل کریک ڈاؤن روکنے کے لیے حکومت کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا
واضح رہے گزشتہ جمعے کو امارات میں احتجاجی مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف پراسیکیوٹر جنرل نے فوری عدالتی کارروائی کا حکم صادر کیا تھا۔