ابوظہبی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی حکومت نے ملک میں سفر کو آسان بنانے کیلئے ٹرین کا نیا منصوبہ بنایا ہے جس سے گھنٹوں کا سفر منٹوں میں طے ہوگا۔
عرب نیوز نے زوم پراپرٹی انسائیڈز کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ یو اے ای حکومت کا 1200 کلومیٹر پر مشتمل اتحاد ریل نیٹ ورک منصوبہ نہ صرف نقل و حمل کے سیکٹر کو بہتر کرے گا بلکہ ملک کے ریئل سٹیٹ سیکٹر کو بھی مضبوط کرے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس منصوبے سے یو اے ای کی سات اماراتی ریاستوں کے 11 بڑے شہروں کو جوڑا جائے گا، جس سے متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کے لیے سفر میں آسانی پیدا کرے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریل نیٹ ورک بننے سے مسافروں کو ابوظبی سے دبئی کا سفر کرنے میں 50 منٹ لگیں گے جبکہ ابوظبی سے فجیرہ کا فاصلہ 100 منٹ میں طے ہوگا۔
ریل نیٹ ورک کے مکمل ہونے پر اس کے ذریعے تین کروڑ 65 لاکھ مسافر سفر کرسکیں گے جبکہ اس ٹرین منصوبہ کا پہلا ٹرین اسٹیشن فجیرہ میں تعمیر کیا جائے گا۔