پیر, دسمبر 2, 2024
اشتہار

خبردار! اب پیدل سڑک عبور کرنے والوں پر بھی جرمانے ہوں گے

اشتہار

حیرت انگیز

متحدہ عرب امارات میں نئے ٹریفک قانون کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا ہے اور سڑک پیدل عبور کرنے والوں پر بھی جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

امارات الیوم کےمطابق یو اے ای میں نئے ٹریک قوانین کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا ہے جو آئندہ سال 29 مارچ 2025 سے نافذ کیے جانے کا امکان ہے اور اس ٹریفک قوانین میں سڑک پر گاڑی چلانے والے اور پیدل چلنے والے سب کو شامل کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے اور 8 سنگین خلاف ورزیوں پر 2 لاکھ درہم تک جرمانہ بھرنا پڑ سکتا ہے۔

- Advertisement -

نئے قوانین میں جو 8 سنگین خلاف ورزیاں قرار دی گئی ہیں۔ ان میں نشے کے زیر اثر گاڑی چلانا، لائسنس کی معطلی کے باوجود گاڑی چلانا، جائے حادثہ سے فرار، حادثے میں کسی کی موت کا سبب بننا، مختص مقامات کے علاوہ سڑک کراس کرتے ہوئے ٹریفک حادثہ، سیلاب کے دوران وادی میں گاڑی چلانا جیسے اقدامات شامل ہیں۔

الکوحل یا کسی نشے کے زیر اثر گاڑی چلانے یا گاڑی چلانے کی کوشش کرنے پر کم ازکم 30 ہزار درہم سے دو لاکھ درہم تک جرمانہ اور قید یا دونوں میں سے ایک سزا دی جائے گی۔

نئے قانون میں ڈرائیونگ کی کم از کم عمر17 سال مقرر کی گئی ہے جو اس سے قبل 18 برس تھی جب کہ اس قانون میں 80 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار کی حد سڑکوں کو عبور کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے اور مخصوص مقامات کے علاوہ سڑک کراس کرنا خلاف ورزی میں شامل ہے۔

ٹریفک حادثہ پیش آنے کی صورت میں پیدل چلنے والے افراد کو تین ماہ قید اور پانچ سے دس ہزار درہم جرمانے کی سزا کا سامنا ہو سکتا ہے۔

ہٹ اینڈ رن کیس میں حکام سے عدم تعاون، معلومات چھپانے پر ایک سال قید اور 50 ہزار سے ایک لاکھ درہم تک جرمانہ یا دونوں میں سے ایک سزا ہوگی۔ لاپروائی سے ڈرائیونگ پر کسی کی موت کی صورت میں قید اور کم از کم 50 ہزار درہم جرمانے کا سامنا ہوگا۔

کسی عدالت یا ٹریفک کنٹرول اتھارٹی کے حکم پر لائسنس کی معطل کیے جانے کے باوجود گاڑی چلانے پر تین ماہ قید اور دس ہزار درہم جرمانہ ہوگا یا دونوں میں سے کوئی ایک سزا دی جا سکتی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں