بدھ, اپریل 23, 2025
اشتہار

پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور بھارتی لڑکی کا نجات دہندہ کیسے بنا؟

اشتہار

حیرت انگیز

ابوظبی : اماراتی ریاست دبئی میں ٹیکسی چلانے والا پاکستانی ڈرائیور اہم دستاویزات و غیر ملکی کرنسی ایمانداری سے لوٹا کر بھارتی لڑکی کےلیے ہیرو بن گیا۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی سرزمین پر نوجوان پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور ایک بھارتی طالبہ کو اس کے اہم ترین دستاویزات جو وہ ٹیکسی میں بھول گئی تھی، وقت پر لوٹا کر اس کے لئے نجات دہندہ بن گیا۔

گزشتہ ہفتے دبئی میں راشیل روز نامی بھارتی لڑکی برطانیہ سے چھٹیاں گزارنے دبئی اپنے والدین کے پاس آئی ہوئی تھی، اور اپنی دوستوں کے ہمراہ ایک سہیلی کی سالگرہ منانے باہر گئی تو ٹیکسی میں اپنا پرس بھول گئی۔

عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جس ٹیکسی میں راشیل نے سفر کیا تھا اس کا ڈرائیور مدثر خادم نامی پاکستانی تھا۔

 

کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد مدثر بھارتی طالبہ راشیل کو ڈھونڈ کر اس کا پرس لوٹانے میں کامیاب ہوگیا، جس میں راشیل کا برطانیہ کا ویزا بھی موجود تھا۔

راشیل روز کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ تھی اور جلدی میں اپنا پرس ٹیکسی میں ہی بھول گئی تھی جس میں اس کا برطانیہ کا ویزا اور رہائشی پرمٹ سمیت اسٹوڈنٹ ویزا، امارات کا سٹیزن شپ کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس، ہیلتھ انشورنس کارڈ، کریڈٹ کارڈ اور 10 ہزار سے زائد دیگر ممالک کی کرنسی شامل تھی۔

بھارتی طالبہ کا کہنا تھا کہ اپنے اتنے قیمتی کاغذات کھو دینا بہت بڑی پریشانی کی بات تھی، ان کاغذات کی میرے پاس کوئی کاپی بھی نہیں تھی اور اس بھول پر میرے گھر والے بھی نہایت پریشان اور مجھ سے ناراض تھے۔

راشیل کا کہنا تھا کہ انتہائی اہم دستاویزات کھونے پر میں نے پولیس کو بھی مطلع کردیا تھا کیونکہ اگلے روز مجھے برطانیہ کے نکلنا تھا اور برطانیہ پہنچ کر امتحان میں اپنی حاضری یقینی بنانی تھی۔

پاکستانی ڈرائیور مدثر خادم کا کہنا تھا کہ لڑکی کو چھوڑنے کے بعد میں نے 2 مزید رائڈ مکمل کیں جس کے بعد مجھے احساس ہوا کے کوئی اپنا پرس بھول گیا ہے، میں نے پرس کھول کر معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی تاکہ اندازہ ہوسکے کہ یہ کس کا پرس ہے۔

مدثر نے مزید کہا کہ راشیل کے والد ان کے پرس لوٹانے پر بہت خوش ہوئے اور انعام کے طور پر اسے 600 درہم بھی دیئے جسے لینے سے منع کرتے ہوئے کہا کہ راشیل میری چھوٹی بہنوں جیسی ہے مگر انہوں نے انعام وصول کرنے پر اصرار کیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں