ابوظبی: وفاقی اتھارٹی برائے سرکاری انسانی وسائل نے رمضان المبارک 1445 ہجری کے دوران وفاقی سرکاری ملازمین کے لیے اوقات کار کا اعلان کردیا ہے۔
سرکلر کے مطابق رمضان المبارک کے دوران وزارتوں، وفاقی اداروں کے اوقات کار پیر سے جمعرات صبح 9 بجے سے دوپہر 2.30 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔
جمعہ کے روز کام کے اوقات کم کردیئے جاتے ہیں، ملازمین صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک کام کرتے ہیں۔
علاوہ ازیں رمضان المبارک کے دوران متحدہ عرب امارات میں نجی شعبے کے تمام ملازمین کے لئے کام کے اوقات میں کمی کا اعلان کیا ہے۔
امارات میں نجی شعبے کے ملازمین عام طور پر روزانہ آٹھ سے نو گھنٹے کام کرتے ہیں اور رمضان المبارک کے دوران اس میں دو گھنٹے کی کمی کر دی جائے گی۔ اس شیڈول سے آگے کام کرنے والے کسی بھی اضافی گھنٹے کو اوور ٹائم سمجھا جائے گا اور ملازمین کو اضافی معاوضہ ملے گا۔
متحدہ عرب امارات کی قیادت، حکومت، شہریوں، باشندوں اور عرب اور اسلامی اقوام کو دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے، اور ان کی صحت اور خوشحالی کے لیے دعا کی ہے۔