ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں کل بروز اتوار سے سرکاری ادارے اور سرکاری محکمے کھل جائیں گے، سرکاری اداروں کے ملازمین کی مرحلہ وار واپسی ہوگی۔
بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں وزارتیں، سرکاری ادارے اور سرکاری محکمے اتوار سے کھل جائیں گے البتہ صرف 30 فیصد ملازمین ڈیوٹی دیں گے، وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں کے ملازمین کی مرحلہ وار واپسی ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ جن ملازمین کو پہلے دفاتر آنے سے استثنیٰ دیا گیا تھا، انہیں اب بھی استثنیٰ ہوگا اور وہ گھر سے کام کرتے رہا کریں گے۔
حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جن ملازمین کو اب بھی گھر سے کام کرنے کی اجازت ہے ان میں حاملہ خواتین، معذور افراد، وہ ملازمین جن کا مدافعتی نظام کمزور ہے، وہ ملازمین جو مستقل بیماریوں میں مبتلا ہیں اور وہ جنہیں معمر کہا جاتا ہے، شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایسی خواتین جن کے بچوں کی عمریں 9 سال سے کم ہیں اور جنہیں نگہداشت کی ضرورت ہے، یا جن کے بچے بیمار یا معذور ہیں انہیں بھی گھر سے کام کرنے کی اجازت ہے۔
تمام سرکاری اداروں میں ملازمین کی کل تعداد کے حساب سے صرف 30 فیصد ملازمین کو ڈیوٹی پر بلایا جارہا ہے، باقی ملازمین گھر سے کام کرتے رہیں گے۔ ملازمین کے دفتر آنے کی شرح وقت کے ساتھ بڑھا دی جائے گی۔